کراچی: (روزنامہ دنیا) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی سے ٹی 20 ورلڈ کپ کا راستہ کھلے گا۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے ردھم دوبارہ حاصل کرنا خاصہ مشکل ہوگا، فٹ رہنے کیلئے قرنطینہ میں ورزش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ابوظہبی کی وکٹ میں فرق ہے، وہاں کی گرمی کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگی۔
عماد وسیم نے کہا کہ پی ایس ایل کھلاڑیوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے، پی ایس ایل کے بعد انگلینڈ کا دورہ بہت اہم ہے، اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو پھر چیمپئن بنائیں گے، سارے کھلاڑی بہترین ہیں اور اچھے نتائج دیں گے، نوجوان کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں۔