خوشی ہے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں: ڈیوڈ وائٹ

Published On 05 August,2021 04:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چیف ایگزیکٹو نیوی لینڈ کرکٹ بورڈ ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔ خوشی ہے مشکل وقت ختم ہونے کے بعد اب پاکستان میں عالمی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیو زی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، نیو زی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور 5 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تمام پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے جہاں سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے تو وہیں 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی۔نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیے ترتیب دیئے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کاد ورہ کرے گی۔ نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔ آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فروری/مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہاکہ نیو زی لینڈ کیخلاف سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہوگا۔ نیوزی لینڈ نہ صرف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح بلکہ ورلڈکپ 2019 کی فائنلسٹ ٹیم بھی ہے۔ وہ آئی سی سی کی موجودہ ورلڈٹی ٹونٹی رینکنگ میں بھی تیسرے نمبر پرموجود ہے۔ مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ایک محفوظ اور پرامن ملک ہونے کی دلیل ثابت ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہماری درخواست پر دورے میں دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے اضافے پر آمادگی ظاہر کی۔ سیریز میں یہ اضافہ نہ صرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت کرے گا بلکہ اس سے نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کو پاکستان میں مزید وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا، جس سے وہ پاکستانی ثقافت سے روشناس ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس دور یسے پاکستان ایک مرتبہ پھر اپنی بہترین میزبانی سے دنیا کو یہ بآور کروانے میں کامیاب ہوگا کہ یہاں کرکٹ مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔ اس دورے سے نہ صرف باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں بلکہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد میں اس کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔

ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ بھارت سے باہر نیوزی لینڈ وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کا دورہ کیا اور ہمارے پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔خوشی ہے کہ ایک مشکل وقت ختم ہونے کے بعد اب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں۔سپر لیگ میں پاکستان 9 میچز کے بعد 40 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے جبکہ نیوزی لینڈتین میچز کھیل کر 30 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے۔

لیگ میں شامل سات سر فہرست ٹیمیں اور میزبان بھارت کی ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں براہ راست رسائی حاصل کرلے گی۔نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ 2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا ہے تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔

شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم 11ستمبر کواسلام آبا د پہنچے گی ،12تا14 ستمبر تک روم آئسولیشن ہوگی ،15تا16ستمبر: ٹریننگ/ پریکٹس/ انٹرا اسکواڈ میچ ہونگے 17ستمبر کو پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی میں کھیلاجائیگا 19 ستمبر کو دوسرا یک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی،21 ستمبر کو تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی میں کھیلا جائیگا ۔25 ستمبر کو پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور،26ستمبر کو دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور،29ستمبر کو تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور ،یکم اکتوبر کوچوتھا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور ،3اکتوبر کو پانچواں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور میں کھیلا جائیگا۔