لاہور: (ویب ڈیسک) افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیئے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ خیال کیا جارہا تھا کہ افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا جائے گا۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان 3 سے 9 ستمبر تک طے شدہ3 میچوں کی ون ڈے سیریز کی میزبانی افغانستان نے کرنی ہے اور یہ سیریز سری لنکا میں شیڈول ہے ۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیئے جانے کا امکان ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی، حسن علی کو آرام کی غرض سے باہر بٹھایا جا سکتا ہے۔
پاکستان نے افغانستان کیخلاف سیریز کے بعد لمبی کرکٹ کھیلنی ہے جس کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آرام دیا جا رہا ہے، نیوزی لینڈ، انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم نے متعدد سیریز کھیلنی ہے جس کے باعث سینئر پر ورک لوڈ کم کر کے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم کی غیر موجودگی میں شاداب خان ممکنہ طور پر قیادت کریں گے جبکہ وکٹ کیپر کے فرائض سرفراز احمد یا نوجوان وکٹ کیپر اعظم خان بھی کھیل سکتے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹمسین محمد رضوان نے بھی کہا ہے کہ ہم مسلسل کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں، بائیو سکیور ببل میں حالات مشکل ہوتے ہیں یہ اتنا آسان نہیں ہوتا ہم مائنڈ کو ریسٹ دینا چاہتے ہیں اس لیے ہم نے آرام لینے کا کہا ہے۔ اس وقت ہمارا سارا فوکس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر ہے افغانستان کے خلاف یہ ون ڈے میچز کی سیریز ہے اس لیے ہم کچھ کھلاڑیوں نے آرام لینے کے لیے کہا ہے ۔ ہم ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے تازہ دم ہو کر واپس آئیں گے، بائیو سکیور ببل میں رہنے کے لیے آرام ضروری ہے، اس کے بعد آئندہ سیزن میں بھی بیک ٹو بیک کرکٹ ہے، اب کرکٹ مسلسل ہو رہی ہے اور کھلاڑیوں کو مسلسل بائیو سکیور ببل میں رہنا پڑ رہا ہے۔