شاہین آفریدی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف بہتر کارکردگی دکھانے کی ٹھان لی

Published On 10 August,2021 05:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ٹھان لی۔

شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں، وہ اب تک 17 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں لیکن جمعرات سے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ ان کا پہلا میچ ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ ویڈیو میں 17ٹیسٹ میچز میں 58 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچز بہت اہم ہیں، دو روزہ پریکٹس میچ میں تیاری کا اچھا موقع ملا ہے لہٰذا تمام کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت فاسٹ باؤلر پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ پرامید ہوں کہ ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا، اس سیریز کے لیے انفرادی اہداف بھی بنا رکھے ہیں اس لیے کوشش ہوگی کہ وہ ہدف حاصل کرسکوں۔ بیک ٹو بیک میچز کی وجہ سے آرام کا موقع نہیں ملتا، کوشش کروں گا کہ اپنی فٹنس کو بہتر بناسکوں۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ ہمارا ٹیسٹ سکواڈ مضبوط اور تسلسل سے بہتر کارکردگی پیش کررہا ہے، یاسر شاہ اور حسن علی کی واپسی سے باؤلنگ یونٹ کا کمبی نیشن مزید بہتر ہوگیا ہے، مڈل آڈر کا کمبنیشن بھی مضبوط ہے۔
 

Advertisement