کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ حامد شنواری نے کہا ہے کہ اُن کی ٹیم ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کر رہی ہے جو دو ہفتے بعد سری لنکا میں ہونی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ افغان قومی ٹیم کابل میں اپنی پریکٹس دوبارہ شروع کر کے پرجوش محسوس کر رہی ہے۔ کیمپ میں ماحول بہت پرجوش ہے اور جیسے ہی فلائٹ آپریشن بحال ہوتا ہے تو ٹیم کو سری لنکا بھیج دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وہ حکام سے رابطے میں ہیں۔ کرکٹ کو طالبان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ کرکٹ طالبان کی پچھلی حکومت میں بھی مسئلہ نہیں تھا اور اس مرتبہ بھی نہیں ہوگا۔ مجھے نہیں یاد کہ طالبان نے کبھی کرکٹ کے معاملے پر کوئی مسائل پیدا کیے ہوں۔
حامد شنواری نے کہا کہ وہ اس وقت ویمنز کرکٹ پر تبصرہ نہیں کر سکتے مگر آئندہ چند ہفتوں میں اس حوالے سے صورتحال واضح ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے 10 ستمبر سے کابل میں اپنی ٹی 20 لیگ کے آغاز کا اعلان بھی کیا ہے۔ ہم افغانستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بھارتی اور پاکستانی کرکٹ بورڈز کے ساتھ زبردست تعلقات ہیں اور ہم بین الاقوامی کرکٹ برادری کا حصہ ہیں۔