پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کیلئے کوئی بہتر مقامی آپشن موجود نہیں، وسیم اکرم

Published On 09 September,2021 06:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مصباح الحق کے مستعفی ہونے کے بعد کوئی بہتر مقامی آپشن نہیں ہے جو قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرسکے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی بہتر آپشن نہیں ہے جو قومی ٹیم کی کوچنگ کر سکے۔ جاوید میانداد کرکٹ سے اچھی طرح واقف ہیں لیکن انہیں جدید دور کی کرکٹ سے آگاہ ہونے کی ضرورت ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ کرکٹ بہت بدل گئی ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ وہ یہاں ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے اچھی ٹیم منتخب کی گئی ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم انہیں سپورٹ کریں، کچھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے جو ٹیم کے لئے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں یا میڈیا کے پریشر پر ٹیم کا انتخاب نہیں کیا جاسکتا۔ شعیب ملک کا بہترین کھلاڑی ہیں لیکن ہر چیز کا ایک ٹائم ہوتا ہے، ان کی جگہ نوجوان کھلاڑی خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان نوجوان کھلاڑی ہے، اسے اعتماد دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی کا پی ایس ایل میں سٹرائیک ریٹ 170 سے زیادہ ہے۔ سرفراز دو سال سے ٹیم کے ساتھ ہیں مگر کھیل نہیں سکے کیونکہ محمد رضوان بہترین پرفارمنس دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مڈل آرڈر کا مسئلہ کافی ٹائم سے تھا اور ہے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہمارے پاس پاور ہٹر نہیں ہیں۔ وسیم اکرم نے کہا کہ 10 اکتوبر سے قبل ٹیم کو تبدیل کیا جاسکتا ہے اگر ضرورت ہے تو۔

ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ ہمارے ملک میں کھلاڑیوں پر بلاوجہ تنقید تو کی جاتی ہے لیکن حل کوئی نہیں بتاتا، ہر کسی نے اپنی ٹیم بنائی ہوتی ہے۔
 

Advertisement