چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کا طریقہ کار سامنے آگیا

Published On 10 September,2021 08:14 pm

لاہور :(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کے انتخاب کا طریقہ کار سامنے آگیا، نئے چئیرمین کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ اجلاس 13 ستمبر کو ہوگا۔

الیکشن کمشنر جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید گورننگ بورڈ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے آغاز میں الیکشن کمشنر چیئرمین پی سی بی کے عہدے کا انتخاب لڑنے کے اُمیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے کہیں گے۔ ایک سے زیادہ اُمیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے پر ووٹنگ کروائی جائے گی۔ سادہ اکثریت حاصل کرنے والا اُمیدوار چیئرمین پی سی بی منتخب ہوجائے گا۔

پی سی بی گورننگ بورڈ کے چار آزاد ارکان، پیٹرن کے دو نمائندے، تین منتخب صوبائی نمائندے اور چیف ایگزیکٹیو شامل ہیں۔ 13 ستمبر کو چار آزاد نمائندے، پیٹرن کے دو نمائندے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ صوبائی ایسوسی ایشن کے انتخابی عمل مکمل نہ ہونے کے باعث کوئی منتخب اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹٰیم اور معروف کمنٹیٹڑ رمیز راجہ کے بلامقابلہ چئیرمین پی سی بی منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔
 

Advertisement