لاہور: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ رمیز راجہ ٹیم سلیکشن میں مداخلت نہیں کرسکتے۔ محمد وسیم نے کہا کہ رمیز راجہ صرف ٹیم کی منظوری دیتے ہیں، رمیز کی پسند سے سکواڈ کے انتخاب کا تاثر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمیز راجہ سے نئی سلیکشن کمیٹی اور طریقہ کار پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ ایسا کہنے والے درست نہیں کہ بورڈ میں مجھے وسیم اکرم لائے ہیں، جب سے ذمے داری ملی ہے وسیم اکرم سے رابطہ کم ہوگیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ معین خان اور ندیم خان سے اعظم خان کی سلیکشن پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
محمد وسیم نے کہا کہ ہم ٹی 20 ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں، قومی ٹیم کو ایونٹ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیلتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ ضرورت پڑی تو ورلڈ کپ کی ٹیم میں تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں، فی الحال ٹیم میں تبدیلی کا سوچا نہیں ہے۔