ٹی 20ورلڈ کپ:نیوزی لینڈ کی افغانستان کو شکست،بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

Published On 07 November,2021 04:30 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو8وکٹ سے شکست دیکر بھارت کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کرتے ہوئے فائنل فور میں جگہ بنالی ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 40ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتھا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے،نجیب اللہ زدران نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے سب سے زیادہ 73رنز بنائے جبکہ گلبدین نائب نے 15سکور بنائے،ٹرینٹ بولٹ نے 3اور ٹم ساؤتھی نے 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

125رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لئے نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا،گپٹل 28اور مچل17سکور بناکر پویلین لوٹے۔

افغانستان کی جانب سے دیا گیا 125رنز کا ہدف کیویز نے صرف 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،کپتان کین ولیمسن40رنز اور ڈیون کونوے36سکور بناکر ناقابل شکست رہے۔

افغانستان کوشکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے ،گروپ 1 سے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ گروپ 2 سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
 

 

Advertisement