زلمی مدرسہ لیگ کا چوتھا ایڈیشن کوٹلی یونائیٹڈ نے جیت لیا

Published On 08 June,2022 10:04 pm

پشاور:(ویب ڈیسک) زلمی مدرسہ لیگ کا چوتھا ایڈیشن کوٹلی یونائیٹڈ نے جیت لیا۔

پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام زلمی مدرسہ لیگ کا چوتھا ایڈیشن کامیابی سے مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم آزاد کشمیر میں اختتام پذیر ہوگیا، اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی پیر علی رضا بخاری، صوبائی وزیر مذہبی امور حافظ حامد رضا اور آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان عرفان اشرف نے کھلاڑیوں میں انعامامات تقسیم کیے۔

مظفر آباد کے خوبصورت مقام پر قائم مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں کوٹلی یونائیٹڈ نے کشمیر ٹائیگرز کو 53 رنز سے ہراکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے محمد حسن 88 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔

اس سے قبل کھیلے گئے سیمی فائنلز میں کشمیر ٹائیگرز نے سی بی پیٹریاٹس کو 8 رنزسے ہرادیا، دوسرے سیمی فائنل میں کوٹلی یونائیٹڈ نے این سے ماوریک کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔

اس موقع پر مہمانوں نے پشاور زلمی، زلمی فاؤنڈیشن اور ان کے چیئرمین جاوید آفریدی کو زلمی مدرسہ لیگ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ پشاور زلمی کھیلوں کے ساتھ مذہبی رواداری اور مدراس کے طلبا کی حوصلہ افزائی کا احسن کام کر رہی ہے، اس طرح کے ایونٹ سے پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر ہوگا اور ساتھ ہی مدارس کے طلبا کو صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملا۔

جاوید آفریدی نے زلمی مدرسہ لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے کشمیر میں کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹائٹل جیتنے والی کوٹلی یونائیٹڈ کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ کے انعقاد کا مقصد مدارس کے طلبا کو صلاحتیوں کے اظہار کا موقع دینا اور مذہنی آہنگی کو فروغ دینا ہے، پشاور، میران شاہ، کوئٹہ اور کشمیر کے بعد پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد کریں گے۔
 

Advertisement