شعیب ملک کے 3 سالہ بیٹے اذہان ملک نے گریجویشن مکمل کر لی

Published On 18 June,2022 09:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے تین سالہ صاحبزادے اذہان ملک نے گریجویشن مکمل کرلی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر شعیب ملک نے اپنے بیٹے اذلان کی تصویر شیئر کی جس میں وہ گریجویشن کیپ اور اپنے کھلونوں کے ساتھ موجود ہے جبکہ اُس کے پیچھے بورڈ پر کلاس آف 2022ء کے الفاظ درج ہیں۔

شعیب ملک نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے جس نے اپنی نرسری سے گریجویشن کرلیا۔ تم بہت تیزی سے بڑے ہورہے ہو، اللہ تمھیں ہر چیز میں کامیاب کرے، میں ہمیشہ تمھارے ساتھ اور پیچھے کھڑا ہوں۔

دوسری طرف شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری میں اذہان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے بیٹے کی نرسری کلاس کی گریجویشن ہوگئی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ مجھے اذہان کی والدہ ہونے پر بہت فخر ہے، میں بہت دکھی ہوں کیونکہ برطانیہ میں ہونے کی وجہ سے میں اپنے بیٹے کی گریجویشن کی تقریب میں شریک نہیں ہوسکی۔ ماں ہونے کے ناطے اس پُرمسرت موقع پر مجھے اپنے بیٹے کے ساتھ ہونا چاہیے تھا مگر میں شرکت نہ کرنے پر شرمندہ ہوں۔

انہوں نے اپنے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری فیملی بہت سپورٹ کرتی ہے اور ہمیشہ ساتھ کھڑی رہتی ہے جس پر میں اُن کی شکر گزار ہوں۔
 

 

Advertisement