رمیز راجہ کا بلائنڈ اور ڈیف کرکٹ ٹیموں کیلئے 10،10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

Published On 20 June,2022 06:56 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے بلائنڈ اور ڈیف کرکٹ ٹیموں کے لئے 10، 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کی جنرل باڈی کا اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہوا، پی سی بی کے آئین 2019 کی شق 20 کے مطابق جنرل باڈی نے آڈٹ شدہ کھاتوں اور پی سی بی کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ لیا۔

جنرل باڈی کو پاکستان کرکٹ کا ایک اسنیپ شاٹ بھی فراہم کیا گیا اور نچلی سطح پر کرکٹ کو مضبوط بنا کر پاکستان کرکٹ کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پی سی بی کی جنرل باڈی کو بتایا گیا کہ پاکستان مردوں کی ٹیمیں اس وقت ٹیسٹ میں پانچویں، ون ڈے اور ٹی 20 میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں چوتھی پوزیشن پر ہے۔

جنرل باڈی کو مردوں کی ٹیم کے مصروف اور مشکل 2022-23 کرکٹ سیزن کے بارے میں اپ ڈیٹ کیا گیا جس میں دو ٹیسٹ اور ایشیا کپ ٹی 20، نیدرلینڈز کے خلاف تین ون ڈے اور آسٹریلیا میں مینز ٹٰی 20 ورلڈ کپ اور اکتوبر میں سری لنکا کا دورہ شامل ہے، اس کے بعد کی ہوم سیریز میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے الگ الگ دورے شامل ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز جنوری، فروری 2023 میں تین ٹی 20 کے لیے واپس آئے گا۔

خواتین کی ٹیم جنوبی افریقہ میں ہونے والے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی جبکہ ان کی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز آئرلینڈ کے خلاف ہوم اور آسٹریلیا میں ہوں گے۔

پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنوری میں ہونے والے انتخابات کے بعد جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ چیئرمین، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ اور صدر ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن عرفان معراج نے بھی اپنے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی۔

رمیز راجہ کی دعوت پر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین اور چیف آپریٹنگ آفیسر بیرسٹر سلمان نصیر نے بھی اجلاس میں بطور ایکس آفیشیو ممبران شرکت کی۔
 

Advertisement