عمر 56 سال، یارکر لاجواب، وسیم اکرم کی باؤلنگ کی ویڈیو کی دھوم

Published On 20 June,2022 10:43 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی 56 سال کی عمر میں یارکر کرا کر مخالف بیٹر کو بولڈ کرنے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔

پاکستان کے سابق تیز گیند باز وسیم اکرم کے ’ان سوئنگ یارکر‘ کا جادو آج بھی چاہنے والوں کے سر چڑھ کر بول رہا ہے، ’سوئنگ کے سلطان‘ کے نام سے مشہور 56 سالہ سابق کرکٹر نے اپنی باؤلنگ سے پھر شائقین کرکٹ کو دیوانہ بنادیا ہے، وہ 19 سال بعد 22 گز کی پچ پر پھر باؤلنگ کراتے ہوئے دکھائی دیئے، اس دوران انہوں نے انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کو کلین بولڈ کرکے حیران کردیا، کچھ دیر تک ایتھرٹن سمجھ نہیں پائے کہ وہ آؤٹ ہوچکے ہیں۔ حالانکہ بعد میں بھاری دل سے میدان سے باہر جانا پڑا۔

دراصل آسٹریلیا کے آنجہانی شین وارن کی یاد میں ایک نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا، وسیم اکرم کے سامنے مائیکل ایتھرٹن تھے، اس میچ میں کلائیو لائیڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے جبکہ ایتھرٹن کے ساتھ دوسرے اینڈ پر برائن لارا کھڑے تھے، اس دوران وسیم اکرم نے چھوٹے رن اپ کے ساتھ اپنے اہم ہتھیار  ان سوئنگ یارکر  سے بیلز گرادیں۔

مائیکل ایتھرٹن کو کلین بولڈ کرنے کے بعد سوئنگ کے سلطان اپنے مخصوص انداز میں وکٹ کا جشن مناتے ہوئے دکھائی دیئے جبکہ کمینٹیٹر بھی وسیم اکرم کے اس خطرناک یارکر کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔

اس نمائشی میچ میں دنیا کے عظیم کھلاڑی کھیل رہے تھے، جن میں وسیم اکرم، برائن لارا، چارلوٹ ایڈورڈس، ایان بیل، مونٹی پنیسر، نیل جانسن شامل تھے۔

خیال رہے کہ وسیم اکرم نے پاکستان کی طرف سے 104 ٹیسٹ میچوں میں 414 وکٹ حاصل کیں جبکہ 356 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں انہوں نے 502 شکار کئے، 257 فرسٹ کلاس میچوں میں سابق کپتان نے 1042 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لسٹ اے کے 594 میچوں میں ان کے نام 881 وکٹ درج ہیں۔
 

Advertisement