لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کے پی ایل کے برانڈ ایمبیسڈر شاہد خان آفریدی نے کشمیر پریمیئر لیگ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے زخموں پر نمک چھڑک دیا۔
کشمیر کے لیے اکثر آواز اٹھانے والے سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو واضح پیغام دیا کہ کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) اسی سال ہونے والی ہے۔
کے پی ایل 2 کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر دستخط کیے جانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک موقع ہے اور کوئی بھی اسے چھین نہیں سکتا۔
پریس کانفرنس کے دوران سابق کپتان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بی سی سی آئی اور ہندوستانی کرکٹ شائقین کو کے پی ایل سیزن 2 کے بارے میں کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟ آفریدی نے جواب دیا کہ میں انہیں صرف یہ بتانا چاہتا ہوں کہ کے پی ایل 2 ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بی سی سی آئی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دھمکی دی تھی اور انہیں کے پی ایل سے باہر نکلنے کو کہا تھا، جس کے نتیجے میں چند غیر ملکی کرکٹرز آخری لمحات میں ایونٹ سے دستبردار ہو گئے۔
دریں اثنا کرکٹر نے جموں جانباز سے لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں ایک دو میچ کھیلنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کے پی ایل انتظامیہ مجھے ریٹائر نہیں ہونے دے رہی، میں ایک دو میچ کھیلنے کی پوری کوشش کروں گا، یہ میرے مداحوں کی محبت ہے جو اب بھی مجھے کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ سیزن 2 یکم سے 14 اگست تک مظفرآباد میں منعقد ہونے جارہی ہے۔