لاہور:(ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم میں اچانک انٹری پانے والے حسن علی بھارت کیخلاف میچ میں کرکٹ ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کے لئے آج شب لاہور سے دبئی روانگی کی فلائٹ پر بکنگ ہوئی ہے، جو اتوار کی صبح دبئی پہنچے گی جبکہ ٹیم مینجمنٹ حسن علی کو جاتے ہی میچ کھلانے کے حق میں نہیں۔
بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے سکواڈ میں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ، حارث رؤف کے علاوہ محمد حسنین پر مشتمل بولنگ اٹیک بھارت کے خلاف پلینگ الیون کا حصہ ہوگا۔
قومی ٹیم کی ممکنہ پلینگ الیون میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی،آصف علی، خوش دل، شاداب خان، نسیم شاہ، محمد نوار، حارث روف، محمد حسنین شامل ہیں۔
سکواڈ میں نوجوان بلے باز حیدر علی کے علاوہ افتخار احمد کا آپشن بھی موجود ہے تاہم فیصلہ وکٹ دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ انجری کے باعث محمد وسیم جونیئر ٹی20 ایشیا کپ سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد حسن علی کو بحیثیت متبادل شامل کیا گیا ہے۔