میلبرن، لاہور:(دنیا نیوز، ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کےچیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ 1992 کے فائنل سے قبل ہم تھوڑا خوف زدہ تھے لیکن یہ لڑکے دلیر ہیں دباؤ نہیں لے رہے، بلین ڈالر کی انڈسٹری والی ٹیم پیچھے رہ گئی اور ہم آگے نکل گئے، انگلینڈ کی ٹیم تگڑی، میچ ففٹی ففٹی ہوگا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے میلبرن پہنچ گئے ہیں، گراؤنڈ پہنچ کر انہوں نے پاکستانی ٹیم سے ملاقات کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ٹیم نے بہت محنت کی ہے اور کچھ کام نیدرلینڈز نے بھی کیا لیکن جس ٹیم کی نیت ٹھیک ہوتی ہے قدرت بھی ساتھ دیتی ہے، بابر اعظم سمیت ہر کھلاڑی کو کہا ہے کہ زندگی میں ایسے موقع کم ملتے ہیں، ورلڈ کپ جیتنے کا اس سے بہترین موقع نہیں ملے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیم اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، مشکل صورتحال میں بھی پاکستان ٹیم ایک بن کر رہی، اس ٹیم سے فینز کو بہت امیدیں ہیں، بابر اعظم اور رضوان کے حوالے سے اتنے واٹس ایپ آئے کہ انہیں تبدیل کریں، یہ نمبر ون جوڑی ہے اس کو توڑنا نہیں چاہیے، کارکردگی اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، میں نے ایک کام کیا کہ اس ٹیم سے پنگا نہیں لیا۔
انہوں نے بتایا کہ بابراعظم سے کہا ہے تنقید کی فکر نہ کریں، پاکستان اگر جیت جاتا ہے تو سارے خواب پورے ہو جائیں گے، قومی ٹیم میں اتحاد اور یکجہتی کی بدولت یہاں تک پہنچے، بابر اعظم اور رضوان کی جوڑی کو تبدیل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر ان کے ساتھ 1992 کی یادیں شیئر کیں، 1992 کے کپتان عمران خان کی تقریر بھی دہرائی، کھلاڑیوں کو یہ ہی کہا ہے کہ یہ موقع پھر نہیں آنا، گراؤنڈ میں اپنا سو فیصد دیں۔