کراچی ٹیسٹ کا پہلا روز، پاکستان ٹیم 304 رنز بنا کر آؤٹ، انگلینڈ کے ایک وکٹ پر 7 رنز

Published On 17 December,2022 05:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم 304 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ مہمان ٹیم نے ایک وکٹ پر 7 رنزبنا لیے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستانی بلے باز بیٹنگ وکٹ پر بھی مہمان ٹیم کے سامنے مشکلات کا شکار رہے، ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے اظہر علی 45 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

مہمان ٹیم انگلینڈ کےخلاف تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر وسیم جونیئر نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا جبکہ امام الحق کی جگہ شان مسعود کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا جنہوں نے 30 رنز بنائے۔

قومی کپتان بابر اعظم 78 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آغا سلمان کی بھی ففٹی مکمل ہوئی جنہوں نے 56 رنز بنائے، انگلش باؤلر جیک لیچ نے 4 شکار کیے، انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے 18 سالہ ریحان احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں تیسرے ٹیسٹ میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں محمد وسیم جونیئر ڈیبیو کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اظہر علی، نعمان علی اور شان مسعود کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بابر اعظم نے بتایا کہ تیسرے ٹیسٹ کے لیے امام الحق، محمد علی، زاہد محمود اور محمد نواز کو آرام دیا گیا ہے۔

انگلش کپتان بین سٹوکس کا کہنا ہے کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے لیکن پہلی ترجیح سیریز تین صفر سے جیتنا ہے، بین سٹوکس نے کہا کہ جیمز اینڈرسن کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ریحان احمد ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مہمان انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
 

Advertisement