بھارت میں ورلڈکپ کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا: رمیز راجہ کی آئی سی سی کو یقین دہانی

Published On 22 December,2022 03:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت میں آئندہ سال شیڈول ورلڈکپ کے بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، رمیز راجا نے آئی سی سی حکام کو یقین دہانی کرادی۔

غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس کے دورہ پاکستان میں رمیز راجہ نے ان پر واضح کیا کہ بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ ہوا نہ ہی وہ میگا ایونٹ سے دستبرداری کے حق میں ہیں، دونوں ملکوں کے کرکٹ تعلقات کے پیش نظر ایشیا کپ میں شرکت سے انکاری بھارتی بورڈ پر دباؤ بڑھانے کیلئے بائیکاٹ کی بات کی۔

ذرائع کے مطابق رمیز راجہ نے آئی سی سی حکام پر یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اپنی میزبانی میں کسی بھی ٹورنامنٹ کی ملک سے منتقلی قبول نہیں کرے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیٹرن ان چیف شہباز شریف نے بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے 14 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی طرف سے پی سی بی کے معاملات چلانے کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی میں شاہد آفریدی، شکیل شیخ، گل زادہ، نعمان بٹ، ہارون رشید، ثنا میر، ایزد سید، تنویر احمد، گل محمد کاکڑ، ایاز بٹ، شفقت رانا، مصطفیٰ رمدے اور عارف سعید شامل ہیں۔