رضوان، شاداب اور حارث ’’وزڈن ٹیم آف دی ایئر‘‘ میں شامل

Published On 23 December,2022 03:31 am

لندن : (ویب ڈیسک ) پاکستان کے ٹاپ ٹی 20 وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ بولر حارث رؤف کو وزڈن کی مینز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر 2022 میں شامل کر لیا گیا۔

معروف کرکٹ پبلیکشن وزڈن کی جانب سے ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر 2022 کا اعلان کیا گیا ہے جس میں رواں سال کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

وزڈن کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں محمد رضوان، شاداب خان اور حارث رؤف کو بھی 2022 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹیم کا کپتان انگلینڈ کے جوز بٹلر کو قرار دیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے سیم کرن اور عادل رشید، بھارت کے سوریا کمار یادیو اور بھونیشور کمار شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ سے ڈیوڈ ملر، نیوزی لینڈ سے گلین فلپس ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہیں جبکہ زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا بھی وزڈن ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہیں۔