رمیز راجا کے نجم سیٹھی پر الزامات پر پی سی بی کا سخت ردعمل

Published On 28 December,2022 06:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے رمیز راجا کی جانب سے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کردی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین رمیز راجا کا اپنے اور موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کے سابقہ دور کے اخراجات کے بارے میں موازنہ گمراہ کن اور غلط ہے۔موجودہ چیئرمین کے تمام سفری اخراجات متعلقہ حکام کی منظوری سے کیے جاتے تھے جس کا باقاعدہ آڈٹ کیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ سابق چیئر مین رمیز راجا کے ان بیانات کا مقصد موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ اپنے چیئرمین اور ادارے کی ساکھ کے دفاع اور تحفظ کے لیے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نجم سیٹھی کا کرکٹ سے لینا دینا نہیں، بطور چیئرمین مدت پوری ہونی چاہیئے تھی: رمیز راجہ

کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ تھے، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انہیں باقاعدہ ایڈوائزری جاری کی گئی تھی، لہٰذا ان کے سیکورٹی اخراجات زیادہ تھے۔انہوں نے نے یو اے ای کے متعدد دوروں کے باوجود کبھی بھی پی ایس ایل الاونس وصول نہیں کیا،ان کو گاڑی کا الاؤنس بھی بورڈ آف گورنر کی منظوری کے مطابق ادا کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی معاملات چلانے کیلئے کمیٹی تشکیل، نجم سیٹھی سربراہ، شاہد آفریدی ممبر

پی سی بی نے مزید کہا کہ نجم سیٹھی کے برعکس رمیز راجا کو ایک نئی گاڑی فراہم کی گئی جس کی مالیت ایک کروڑ 65 لاکھ روپے تھی۔