پی ایس ایل 8:شائقین پلے آف مرحلے میں چوکے چھکوں کی برسات دیکھنے کےلیے بے تاب

Published On 14 March,2023 07:38 pm

لاہور: (جہانزیب ظفر)پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کا لیگ راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد کل سے پلے آف مرحلے کا آغاز ہوگا۔

پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں لاہور قلندرز کی ٹیم 7 فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے،پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم تیسرے جبکہ پشاور زلمی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

کل 15 مارچ کو پہلا کوالیفائر میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا، کوالیفائر کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل جبکہ ہارنے والی ٹیم ایلی منیٹر ٹو کھیلے گی۔

16 مارچ کو پہلا ایلی منیٹر پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا جبکہ 17 مارچ کو کوالیفائر ہارنے والی اور پہلا ایلی منیٹر جیتنے والی ٹیم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

پلے آف راؤنڈ میں چوکے اور چھکوں کی بہار آئے گی،ہاؤس فل ہوگا ، خوب رنگ جمے گا، لیگ راؤنڈ کے دونوں میچز میں سلطانز کو شکست سے دوچار کرنے والی دفاعی چیمپئنز ٹیم قلندرز ایک اور فتح کے ساتھ ایک بار پھر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔

دوسری جانب ملتان سلطانز نے بھی بڑے مقابلے میں پہلے راؤنڈ کی شکستوں کا بدلہ لینے کی ٹھان لی، کوالیفائر جیتنے والی ٹیم فائنل کی ٹکٹ کٹائے گی،ایونٹ کا فائنل معرکہ 19 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔

پی ایس ایل 8 میں رنز کے انبار لگ گئے ، 263 رنز کا سب سے بڑا ہد ف ملتان سلطانز نے حریف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دیا ، کوئٹہ نے دوسری اننگز میں اپنی ٹی 20 تاریخ کا سب سے بڑا سکور 253 رنز بنائے۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار لیگ راؤنڈ میں ہی 5 سنچریاں بن گئیں ، مارٹن گپٹل ، محمد رضوان ، فخر زمان، بابر اعظم اور محمد عثمان نے سنچریاں سکور کیں، ملتان سلطانز کے عثمان خان نے 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنا ڈلی۔

رنز کے انبار میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان سب سے آگے ہیں، انہوں نے اب تک 10 میچز میں 483 رنز بنائے ہیں ، زلمی کے کپتان بابر اعظم 416 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی ایس ایل 8 میں سب سے پہلے باہر ہونے والی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 404 رنز بنا سکے ، لیگ راؤنڈ میں سب سے زیادہ فخر زمان نے 26 چھکے لگائے ، ٹام کوہلر نے 24 اور کولن منرو نے 22 چھکے لگائے۔

سب سے زیادہ 47 چوکے بابر اعظم نے لگائے ،محمد رضوان نے 46 بار گیند بائنڈوی لائن سے باہر پہنچائی ،بولرز میں 22 وکٹ کے ساتھ عباس آفریدی سر فہرست ہیں ، نوجوان بولر نے پی ایس ایل 8 کی پہلی ہیٹرک بنائی ، احسان اللہ نے 20 شکار کیے ، راشد خان 15 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 14 ،14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
 

Advertisement