پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

Published On 03 May,2023 02:59 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا تیسرا میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا۔

گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے باقی 3 میچز کراچی میں شیڈول ہیں، یہ سیریز ایشیا کپ اور ورلڈکپ سے پہلے بابر الیون کے کڑے امتحان کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ آج سہ پہر ساڑھے تین بجے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہو گا، نیشنل سٹیڈیم میں مہمان ٹیم کا پلڑا بھاری ہے جوکہ اب تک یہاں ہونے والے 5 میں سے 3میچز میں فتوحات سمیٹ چکی ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم اب تک ہونے والے ون ڈے سیریز کے دونوں میچز اپنے نام کر چکی ہے اور اسے سیریز اپنے نام کرنے کےلیے مزید ایک کامیابی درکار ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں 289 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کیا تھا اور دوسرے میچ میں 337 رنز کا ہدف صرف 3 وکٹوں پر پورا کر کے سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کی۔