چیمسفورڈ : ( ویب ڈیسک ) بنگلا دیش نے دوسرے ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔
چیمسفورڈ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلا دیش نے آئرلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلا دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بارش کے باعث میچ 45 اوورز تک محدود رہا اور آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کی جانب سے ہیری ٹییکٹر نے 113 گیندوں پر 140 اور جارج ڈوکریل نے 47 گیندوں پر ناقابل شکست 74 رنز بنائے۔
جواب میں بنگلا دیشی ٹیم نے 44.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کر کے آئرلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
بنگلا دیشی ٹیم کی جانب سے نجم الحسین شانتو نے 117 اور توحید ہردوئے نے 68 رنز بنائے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ سیریز کا آخری میچ 14 مئی کو کاؤنٹی گراؤنڈ، چیمسفورڈ میں ہی کھیلا جائے گا۔