لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو کام سے روکنے کیلئے مینجمنٹ کمیٹی اور وزارت بین الصوبائی رابطہ و چیف الیکشن کمشنر کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
لیگل نوٹس میں چیف الیکشن کمشنر اور وفاقی وزارت رابطہ کمیٹی سے استدعا کی گئی ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو کام کرنے سے روکا جائے، انکی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی غیر فعال ہو چکی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے مینجمنٹ کمیٹی کو 19 جون تک کام کرنے کی مہلت دی تھی، جس کی معیاد گزر چکی ہے۔
نوٹس کے متن میں مزید کہا گیا کہ مدت ختم ہونے کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بیرون ملک کرکٹ کی بہتری اور فلاح میرا مقصد ہے، پی سی بی کے امور قانون کے مطابق چلائے جانے چاہئیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کی اہم میٹنگ آج شام کو طلب کی گئی ہے جس کی صدارت نجم سیٹھی کریں گے، میٹنگ کا اہم ایجنڈا پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کی تشکیل ہے، میٹنگ میں ڈیپارٹمنٹ کے 4 اور ریجنز کے 4 نمائندوں کی منظوری لی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی الیکشن سے دستبردار ہوگئے ہیں، سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان وجہ تنازعہ نہیں بننا چاہتا اور یہ عدم استحکام بورڈ کیلئے اچھا نہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان حالات میں میں چیئرمین پی سی بی کے عہدے کا امیدوار نہیں تاہم تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔