لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کے انتخاب کی وجہ سے قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ پیش کرنے میں تاخیر کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی کی مدت مکمل ہونے پر اب قائم مقام چئیرمین الیکشن کمشنر ہیں ، پی سی بی چئیرمین کا انتخاب 28 جون کو شیڈولڈ ہے جبکہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہورہی ہے۔
سلیکشن کمیٹی ، شعبہ انٹرنیشنل اور قومی ٹیم مینجمنٹ نے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے ابتدائی مشاورت کی ، بورڈ میں تبدیلیوں کے باعث معاملہ تعطل کا شکار ہو گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چئیرمین کے آنے سے اب بورڈ میں کئی ایک تبدیلیوں کا امکان ہے، نئے چئیرمین کی آمد سے پالیسیوں اور فیصلوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا ، سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان میں تاخیر ہوئی بھی تو وہ یکم جولائی سے ہی شروع ہوں گے ۔
ذرائع کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلیوں کا امکان ہے ، طریقہ کار میں تبدیلی کی جا سکتی ، گزشتہ برس ریڈ بال اور وائٹ بال کٹگریز متعارف کرائی گئی تھیں ۔