آسٹریلوی کھلاڑیوں سے جھگڑا، ایم سی سی کے 3 ممبران معطل

Published On 03 July,2023 05:02 am

لارڈز : ( ویب ڈیسک ) میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ جھگڑے پر تین ممبران کو معطل کر دیا۔

واضح رہے کہ لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز انگلش بلے باز جونی بیئرسٹو کے متنازع آؤٹ ہونے پر میریلیبون کرکٹ کلب کے چند ممبرز نے لانگ روم میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کے خلاف نعرے لگائے تھے اور اس دوران کافی گرما گرمی سامنے آئی تھی۔

ایم سی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب تک تحقیقات ہو رہی ہیں تینوں ممبران کو لارڈز میں واپس جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کلب اس رویے کی مذمت کرتا ہے اور ایک بار پھر ہم کرکٹ آسٹریلیا سے اپنی معافی کا اعادہ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ میریلیبون کرکٹ کلب نے واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا سے معافی مانگ لی تھی۔

دوسری جانب آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ نے کہا کہ لارڈز آنے کے لیے میری پسندیدہ جگہوں میں سے ایک ہے، لارڈز میں ہمیشہ احترام کا مظاہرہ کیا جاتا ہے خاص طور پر لانگ روم میں ، لیکن آج ایسا نہیں تھا۔

عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں جو ممبروں کے منہ سے نکل رہی تھیں وہ واقعی مایوس کن تھیں، ان میں سے کچھ بہت بڑے الزامات لگا رہے تھے ، سچ پوچھیں تو یہ بہت بے عزتی ہے، میں ممبران سے بہت بہتر کی توقع رکھتا ہوں۔

خیال رہے کہ ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 43 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو ، صفر کی برتری حاصل کر لی ہے جبکہ انگلش ٹیم کو سیریز میں واپسی کے لئے تیسرا ٹیسٹ لازمی جیتنا ہوگا۔