میرپور : ( ویب ڈیسک ) بنگلا دیش اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ ڈرامائی طور پر برابر ہوگیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فرزانہ حق کی پہلی ون ڈے سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے جبکہ سیریز جیتنے کے لیے 226 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان کی ٹیم 49.3 اوور میں 225 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ کا مقررہ وقت گزر جانے کے باعث کوئی سپر اوور نہیں ہوسکا اس لیے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹرافی بانٹنی پڑی۔
بھارتی کپتان ہرمن پریت نے امپائرنگ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کھیل سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، اگلی بار جب ہم بنگلا دیش آئیں گے تو ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمیں اس قسم کی امپائرنگ سے نمٹنا ہے اور اس کے مطابق خود کو تیار کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم بیٹنگ کر رہے تھے تو ہم نے کھیل کو بہت اچھی طرح سے کنٹرول کیا لیکن امپائرز کے کچھ فیصلوں سے ہمیں مایوسی ہوئی۔