لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے ون ڈے رینکنگ جاری کردی جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بیٹرز کی فہرست میں بابر کے بعد جنوبی افریقا کے رسی وین ڈر ڈوسن کا دوسرا نمبر ہے جبکہ پاکستان کے امام الحق ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پاکستان کے فخر زمان کی دو درجے تنزلی ہوئی اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بولرز میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے، اس فہرست میں افغانستان کے مجیب الرحمان 3 درجے ترقی کے بعد تیسرے جبکہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف رینکنگ میں 7 درجے بہتری کے بعد 36 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹی 20 رینکنگ
ادھر ٹی 20 بیٹرز میں بھارت کے سوریا کمار یادیو پہلے، پاکستان کے محمد رضوان دوسرے اور تیسرے نمبر پر بابر اعظم موجود ہیں جبکہ ٹی 20 باؤلرز میں افغانستان کے راشد خان کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
ون ڈے اور ٹی 20 کے آل راؤنڈرز میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر ہے۔