جنوبی افریقی ویمنز ٹیم کا دورہ پاکستان، صدر کے مساوی پروٹوکول دینے کا فیصلہ

Published On 25 August,2023 09:59 am

لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت کے مساوی پروٹو کول دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 27 اگست کو کراچی پہنچ رہی ہے اور 20 روزہ دورہ مکمل کر کے 15 ستمبر کو اپنے وطن واپس روانہ ہو گی۔

مہمان ٹیم کی سکیورٹی کیلئے صدر پاکستان کے مساوی پروٹوکول اور حفاظتی انتظامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق وی وی آئی پی سکیورٹی اور پروٹوکول کی اس کیٹیگری کے تحت ٹیم کی رہائش اور آمد و رفت کیلئے سڑکوں اور راستوں کو  زیرو  حد تک کلیئر رکھا جاتا ہے اور آمد و رفت کیلئے 3 متبادل روٹ اے، روٹ بی اور روٹ سی لگائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ آمدورفت کے روٹ کو بم ڈسپوزل سکواڈ سے کلیئر کرایا جاتا ہے، عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کی حفاظت کیلئے سندھ پولیس کے ایس ایس یو کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے، ایس ایس جی کمانڈوز، رینجرز کی نفری، ڈسٹرکٹ پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری بھی تعینات ہو گی۔

جنوبی افریقہ اور پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے مابین کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں یکم، 3 اور 5 ستمبر کو تین ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے جو شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان ویمنز مہمان ٹیم کے ساتھ 8، 11 اور 14 ستمبر کو ون ڈے میچ بھی کھیلے گی جو سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوا کریں گے۔