کولمبو: (دنیا نیوز) نسیم شاہ کی جگہ زمان خان کو ایشیا کپ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر زمان خان نے ون ڈے ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کے 17 کھلاڑیوں کے سکواڈ میں نسیم شاہ کی جگہ لے لی ہے، زمان نے آج صبح ٹیم کو جوائن کیا اور شام کو RPICS میں سکواڈ کے ساتھ ٹریننگ کریں گے۔
نسیم شاہ کو بھارت کے خلاف میچ کے دوران دائیں کندھے پر چوٹ لگی تھی، ٹیم کے میڈیکل پینل کی طرف سے ان کی نگرانی جاری ہے جو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کو ذہن میں رکھتے ہوئے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: فائنل میں رسائی کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل ٹکرائیں گی
حارث رؤف، جنہوں نے پاکستان بمقابلہ بھارت مقابلے کے ریزرو ڈے پر احتیاطی اقدام کے طور پر باؤلنگ نہیں کی تھی، میچ کے پہلے دن اپنے دائیں طرف میں تکلیف محسوس کرنے کے بعد اب بھی ٹھیک ہو رہے ہیں۔
ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق"یہ دونوں فاسٹ باؤلرز ہمارا اثاثہ ہیں اور ٹیم کا میڈیکل پینل ان سب سے اہم ورلڈ کپ سے قبل بہترین ممکنہ دیکھ بھال فراہم کرے گا۔"