پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ کے دوران پاکستانی فینز کو نعرے لگانے سے روک دیا گیا

Published On 21 October,2023 04:46 am

بنگلور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ کے دوران بھارتی سکیورٹی اہلکار نے پاکستانی فینز کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے روک دیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بھارت میں موجود پاکستانیوں سے تعصب کی جھلک صاف دیکھی جا سکتی ہے کہ پاک آسٹریلیا میچ کے دوران سٹیڈیم میں ایک نوجوان پاکستانی ٹیم کی شرٹ پہنے بیٹھا ہوا ہے اور سامنے کھڑے پولیس اہلکار سے بحث کررہا ہے کہ وہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ کیوں نہیں لگا سکتا۔

نوجوان کے ساتھ بیٹھا ایک دوسرا شخص یہ ویڈیو بنا رہا ہے جس میں بھارتی پولیس اہلکار نوجوان کو منع کرتا ہے کہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہ لگائے، اس پر نوجوان اس سے کہتا ہے کہ پاکستان کا میچ ہو رہا ہے، ہم پاکستان سے آئے ہیں تو پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگائیں گے تو اور کیا کہیں گے۔

بعدازاں نوجوان اپنا موبائل فون نکال کر پولیس اہلکار سے کہتا ہے کہ وہ کیمرے کے سامنے یہی بات کہے کہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگایا جا سکتا ہے، جس پر مذکورہ اہلکار اپنے افسر کو بتانے کا کہہ کر وہاں سے جانے لگتا ہے۔