ورلڈ کپ کی پہلی فتح، سری لنکا کی نیدر لینڈز کو 5 وکٹوں سے شکست

Published On 21 October,2023 10:32 am

لکھنؤ: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 19ویں میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے نیدر لینڈز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

لکھنؤ کے اکانا سپورٹس سٹی میں کھیلے گئے میچ میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیدر لینڈز کی ٹیم نے سری لنکا کو 263 رنز کا ہدف دیا جسے لنکن ٹیم نے 49ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

سری لنکا کی جانب سے سدیرا سماراوکراما ناقابل شکست 91 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ پاتھم نسانکا نے 54 اور چارتھ اسالنکا نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیدر لینڈز کی جانب سے آریان دت نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاؤل وین میکرین اور کولن ایکرمن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیدرلینڈز کی اننگز
نیدرلینڈز کی ٹیم 50ویں اوور میں 262 کے مجموعی سکور پر آل آؤٹ ہوگئی، سائبرینڈ اینجل بریکٹ 70 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے جبکہ لوگن وین بیک نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشانکا اور کاسون راجیتھا نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش ٹھیکشانہ ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے ورلڈ کپ میں 4، 4 میچز کھیل لیے ہیں جن میں سے تین، تین میں ناکامی اور ایک، ایک میں فتح حاصل کی۔