ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کے ہاتھوں انگلینڈ کو 229 رنز سے بدترین شکست

Published On 21 October,2023 01:06 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 20ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلش ٹیم کو 229 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کی تیسری کامیابی حاصل کر لی۔

بھارت کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔

جوابی اننگز میں انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، 400 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 22 اوورز میں 170 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار رہی، اوپننگ بلے باز جوہنی بیرسٹو 10 اور ڈیوڈ میلان 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کے دیگر پلیئرز بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے، جو روٹ 2، بین سٹوکس 5 پر آؤٹ ہوگئے جبکہ ہیری بروک 17، بٹلر 15، ڈیوڈ ولے 12 اور عادل راشد 10 رنز بنا کر چلتے بنے۔

دیگر کھلاڑیوں میں سے گس اٹکنسن 35 رنز بنا کے آؤٹ ہوئے جبکہ مارک ووڈ 43 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لنگی نگیدی، مارکو جانسین نے 2، 2 جبکہ کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج 1، 1 وکٹ حاصل میں کرنے میں کامیاب رہے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز
جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں کوئنٹن ڈی کوک 4 رنز پر ریس ٹاپلی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، انگلش ٹیم کو دوسرا نقصان وین ڈرڈوسن کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 61 گیندوں پر 60 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد ریزا ہینڈرکس نے شاندار 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنائے جبکہ ایڈن مارکرم 42 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقہ کے ہینرچ کلاسین 67 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، ان کا ساتھ نبھانے والے مارکو جانسین نے 42 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 75 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹاپلی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیوڈ ولے نے 3، مارک ووڈ اور گس اٹکنسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں اب تک انگلینڈ کی ٹیم اپنے 4 میچز میں سے 3 میں ناکام اور ایک میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ جنوبی افریقہ کو 4 میچز میں سے 3 میں فتح اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔