لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن ورلڈ کپ 2023ء کے آخری میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق شکیب الحسن فریکچر کے باعث آسٹریلیا کیخلاف میچ نہیں کھیلیں گے، وہ سری لنکا کیخلاف میچ میں بائیں ہاتھ کی انگلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔
بنگلا دیشی ٹیم کے فزیو کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن نے تکلیف کے باوجود بیٹنگ جاری رکھی تھی جب کہ اب میچ کے بعد کرائے جانے والے ایکسرے میں فریکچر سامنے آیا ہے، بنگلادیش اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 11 نومبر کو پونے میں شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن سری لنکا کیخلاف میچ کے دوران اینجلو میتھیو کو ٹائمڈ آؤٹ کرنے کے بعد دنیا بھر میں میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنے ہوئے ہیں، بنگلا دیشی کپتان کے اس عمل پر بہت سے سابق کرکٹرز نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔