لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی20 ورلڈکپ کا افتتاحی میچ 178 سال پرانی یاد تازہ کرے گا، 1844 میں تاریخ کا اولین انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی امریکا اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، شیڈول کا اعلان رواں ہفتے ہی متوقع ہے۔
برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ حیران کن طور پر افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ، بھارت اور آسٹریلیا سمیت فیورٹس میں شامل کوئی ٹیم ایکشن میں نہیں ہو گی۔
پہلا میچ امریکا اور کینیڈا کے مابین ہو گا، اس انوکھے فیصلے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا اولین مقابلہ بھی انہیں دونوں ٹیموں کے مابین 1844 میں مین ہیٹن میں ہوا تھا، اس 3 روزہ میچ میں کینیڈا نے 23 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، پہلا ٹیسٹ میچ اس کے 33 سال بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایونٹ میں شریک 20 ٹیموں میں سے 10 اپنا پہلا میچ امریکا، باقی ویسٹ انڈیز میں کھیلیں گی، ٹیکساس، فلوریڈا اور نیویارک میزبان ہوں گے، سپر 8 مرحلہ، سیمی فائنلز اور فائنل ویسٹ انڈیز میں شیڈول کیے جائیں گے۔
بھارت کے 3 میچز امریکا میں ہونے ہیں، ان میں سے پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلہ لانگ آئی لینڈ میں بنائے جانے والے عارضی سٹیڈیم پر ہوگا، براڈ کاسٹرز کی درخواست پر بھارت کے مقابلے صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوں گے تاکہ ایشیائی ناظرین کی بڑی تعداد انہیں دیکھ سکے۔
دوسری جانب انگلینڈ کے ویسٹ انڈیز میں میچز ایسی اینٹی گووا، سینٹ لوشیا اور بارباڈوس میں رکھے گئے ہیں، یہ تمام جزائر اپنے تفریحی مقامات اور سیروسیاحت کیلئے مشہور ہیں۔
یاد رہے کہ آخری ٹی 20 ورلڈکپ 2022 میں ہوا تھا، آسٹریلیا میں منعقدہ ایونٹ کی ٹرافی انگلینڈ نے قبضے میں کی تھی، پاکستان کو فائنل میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔