وارنر کی کیپ چوری، تلاش کیلئے جاسوسوں کی ضرورت ہو سکتی ہے، شان مسعود

Published On 02 January,2024 07:25 pm

سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کی کیپ کھو جانے پر قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہمیں وارنر کی کیپ کو واپس حاصل کرنے کیلئے بہترین جاسوسوں کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت کی طرف سے کیپ کی ملک گیر تلاش ہونی چاہیے۔

شان مسعود نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے انہیں وہ کیپ مل جائے گی، یہ کسی بھی کرکٹر کیلئے سب سے قیمتی چیز ہے اور مجھے امید ہے کہ ڈیوڈ وارنر کو وہ واپس مل جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل ہی آسٹریلوی بیٹر کا ایئرپورٹ پر بیگ گم گیا ہے جس متعلق ان کا کہنا ہے کہ اس میں گرین کیپ اور بیٹیوں کیلئے تحائف موجود تھے۔