سڈنی: (ویب ڈیسک) میلبرن ٹیسٹ میں محمد رضوان کے متنازع آؤٹ پر آسٹریلوی ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا رد عمل بھی سامنے آ گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے میلبرن ٹیسٹ کے دوران وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے متنازع آؤٹ پر تھرڈ امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بیٹر یقینی طور آؤٹ تھے۔
حفیظ کے بیان پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا آسٹریلوی کرکٹرز سمیت امپائرز کو یقین ہے کہ رضوان “یقینی طور پر آؤٹ” تھے، ٹیکنالوجی کو ہمیشہ مخصوص اوقات میں چیلنج کیا جاتا ہے لیکن ہمیں خود سے سوال پوچھنا ہوگا کہ کیا ہم اس میں مزید بہتری لاسکتے ہیں؟۔
یاد رہے کہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا امپائرز کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ہم پورے کھیل کا تجزیہ کریں تو امپائرز کے بہت ہی متضاد فیصلے تھے، میرے خیال میں اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ایک امپائر کال کا فیصلہ دوسری ٹیم کیلئے شکست کا سبب بھی بن سکتا ہے، میچ کے اختتام پر رضوان سے پوچھا کہ کیا گیند گلوز پر لگی تھی جس پر کرکٹر نے جواب دیا کہ گیند دستانوں کے سٹریپ پر نہیں بلکہ کہنی اور ہتھیلی کے بیچ لگی تھی۔