لاہور: (ویب ڈیسک) انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ سے پیسہ بنتا ہے، کھلاڑی نہیں، ہمیں کلب لیول پر ٹی 20 کرکٹ کو ختم کرنا چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کو کھلاڑیوں کی تربیت کرنی چاہیے، انڈر 19 کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ موجود ہے، انڈر 19 کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کھلینے جا رہی ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی دکھائی، کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، ہماری کوشش ہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ جیت کر آئیں، امید ہے ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا کھیلے گی، سخت سردی کے باوجود کھلاڑیوں نے اچھی تیاری کی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 4, 2024
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو پورا موقع دینا چاہیے، جنوبی افریقہ میں اچھی بیٹنگ وکٹیں ہوتی ہیں، وکٹیں کیسی بنیں گی وہاں جا کر پتا چلے گا، میچ کے دوران کھلاڑیوں کو ایگریشن دکھانے کا کہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ خراب فیلڈنگ کا ذمہ دار کھلاڑی خود ہوتے ہیں، کوچ نہیں، ہم ٹی 20 کرکٹ پر زیادہ توجہ دیتے ہیں جس کی وجہ سے ہماری ٹیم نیچے چلی گئی، ٹی 20 کرکٹ سے پیسہ بنتا ہے، کھلاڑی نہیں، ہمیں کلب لیول پر ٹی 20 کرکٹ کو ختم کرنا چاہیے۔