کراچی: (دنیا نیوز) نگران صوبائی وزیر اطلاعات سندھ احمد شاہ نے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ کا انعقاد سندھ کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری ہے۔
کراچی میں سندھ پریمیئر لیگ کے آفیشلز کیساتھ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران صوبائی وزیر احمد شاہ ، جنید علی شاہ، ایس پی ایل صدر عارف ملک، چوہدری شہزاد اور قومی کرکٹر عبدالرزاق نے شرکت کی۔
نگراں صوبائی وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو تمام مسائل کے باوجود خوش ہونے کا حق ہے، شہری اور دیہی سندھ سے کھلاڑیوں نے پاکستان کی نمائندگی کی، کرکٹ پاکستان کے ہر شہری کے رگوں میں دوڑتی ہے، سندھ حکومت ایس پی ایل کو بھرپور سپورٹ کر رہی ہے۔
صدر ایس پی ایل عارف ملک نے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ کےلیے صوبائی حکومت سے 10 سال کا ایم او یو ہے، 25 جنوری سے لیگ شروع ہوگی، پہلے روز عوام کےلیے گراؤنڈ میں انٹری فری ہوگی، عوام کو سیکیورٹی کی وجہ سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
نگراں وزیر جنید علی شاہ نے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ سے صوبے کے نوجوانوں کو سامنے آنے کا موقع ملے گا، لیگ میں بڑے ناموں کی موجودگی سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، کوشش ہوتی ہے کہ صوبے میں کھیلوں کا باضابطہ کیلنڈر بنایا جائے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ سندھ پریمیئر لیگ نوجوان پلیئرز کےلیے اچھا موقع ہے۔ کرکٹ کےلیے ہر وقت اور ہر جگہ دستیاب ہیں۔