ابوظہبی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کرکٹ کوچنگ میں مزید جدت لانے کے لئے کوشاں ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان ابوظہبی ٹی 10 کے 2024ء ایڈیشن میں بنگلہ ٹائیگرز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اپنی نئی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔
مورس ویل سمیپ آرمی کے خلاف اپنے پہلے میچ میں شکست کے باوجود 46 سالہ کھلاڑی نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں مسکراتے ہوئے چہرہ برقرار رکھا اور اپنے نئے کردار سے متعلق اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
کرکٹ میں شاذ و نادر ہی نظر آنے والے لباس کالے رنگ کے سوٹ میں ملبوس ’’ماسٹر آف انوویشن‘‘ نے اعتراف کیا کہ وہ اب اس کھیل میں کوچنگ کو کیسے دیکھتے ہیں اور اس میں جدت لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بہت پرجوش ہیں میرا لباس دیکھو اس سے پتہ چلتا ہے کہ میں کچھ تبدیل کرنا چاہتا ہوں اور میں جدید دور کی کرکٹ میں کوچنگ کا طریقہ تبدیل کرنا چاہتا ہوں۔
یونس خان نے کہا کہ آپ کا چہرہ مسکراتا ہوا ہونا چاہیے، اچھی طرح شیو کی ہوئی صاف ستھرا ہونا چاہئے اور اس طرح کا لباس پہننا چاہیے۔
سابق کرکٹ کپتان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مختصر فارمیٹ میں کھیلی جانے والی کرکٹ کے نئے انداز سے لطف اندوز ہورہے ہیں، آخر میں انہوں نے کہا کہ انہیں یاد ہے کہ سعید انور اور ویوین رچرڈز کس طرح اپنے جدید انداز میں کھیلتے تھے۔