راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کے 26 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ 109 رنز سے شکست دیکر پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ملنے والے 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 154 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم 56 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور کائل مائرز نے کیا جو انتہائی مایوس کن ثابت ہوا اور کائل مائرز بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ صاحبزادہ فرحان ایک رن بنا کر چلتے بنے، محمد شہزاد 24، کپتان سلمان علی آغا 6، محمد نواز 10، اعظم خان اور حیدر علی 6،6 ، جیسن ہولڈر 3 جبکہ بین ڈوارشوئس 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر نے 3، محمد وسیم اور ابرار احمد نے 2،2 جبکہ خرم شہزاد، فہیم اشرف اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 264 رنز کا ہدف دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رائلی روسو نے 46 گیندوں پر 104 سنچری اسکور کی، ان کی اننگز میں 14 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، حسن نواز نے بھی 45 گیندوں پر سنچری اسکور کی، انہوں نے 4 چوکے اور 9 چھکے لگائے، کپتان سعود شکیل 23 اور فن ایلن 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ سے قبل بھارتی حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جس کے بعد سٹیڈیم میں پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔