بنگلور:(دنیا نیوز) انڈین پریمیئرلیگ ( آئی پی ایل ) کے فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی ) کی فتح کے جشن کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
انڈیا میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل 2025 کے فائنل میں آر سی بی کی سنسنی خیز فتح کے بعد، بنگلور شہر میں جشن کا ماحول ایک المناک حادثے میں تبدیل ہو گیا۔
چناسوامی سٹیڈیم کے باہر ہزاروں کی تعداد میں جمع ہونے والے مداحوں کے ہجوم میں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہونے سے کم از کم 7 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
آر سی بی نے منگل کو احمد آباد میں کھیلے گئے آئی پی ایل فائنل میں پنجاب کنگز کو چھ رنز سے شکست دے کر اپنی 18 سالہ تاریخ میں پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا، اس تاریخی فتح کے بعد بنگلورو میں جشن کا سماں تھا اور ٹیم کے خیرمقدم کے لیے بدھ کی شام کو چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر اور ودھان سودھا کے قریب ہزاروں کی تعداد میں مداح جمع ہو گئے۔
ابتدائی طور پر ایک اوپن بس وکٹری پریڈ کا منصوبہ بنایا گیا تھا، لیکن بعد میں ٹریفک پولیس نے سکیورٹی خدشات کے باعث اسے منسوخ کر دیا تھا، اس کے باوجود، مداحوں کی ایک بڑی تعداد اپنے ہیروز کی جھلک دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کے دروازوں کے باہر جمع ہو گئی۔
اس دوران مداحوں کا ہجوم اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش میں بے قابو ہو گیا، ہجوم کی شدت اور رش کے باعث لوگ ایک دوسرے پر گرنا شروع ہو گئے، جس سے کئی افراد کچلے گئے اور دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو بوورنگ ہسپتال اور ویدہی سپر اسپیشلٹی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، زخمیوں میں ایک چھ سالہ بچی بھی شامل ہے۔