دوسرا ون ڈے: انگلینڈ ویمنز نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دیدی

Published On 06 June,2025 03:46 am

لیسٹر: (ویب ڈیسک) انگلینڈ ویمن نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں مہمان ویسٹ انڈیز ویمن کو بڑے مارجن 143رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

میزبان انگلینڈ کی ویمنز ٹیم نے پہلے کھیل کر 6 وکٹوں پر 366 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 367 رنز کا ہدف دیا، جسے ویسٹ انڈیز کی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی، انگلینڈ کی ایمی جونز کو شاندار بلے بازی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میزبان ویمنز ٹیم کی بلے باز ایمی جونزنے 129 اور ٹامی بیومونٹ نے 106 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ایما لیمب 55 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔

ویسٹ انڈیز ٹیم کی جانب سے کرشمہ رامہراک اور عالیہ علینہ نے 2،2 جبکہ جینیلیا گلاسگو اورایفی فلیچرنے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 367 رنز کا پہاڑ جیسا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 45.4 اوورز میں 223 رنز بناسکی، ریلیانا گریمونڈ53 اور جینیلیا گلاسگو 44 ،چیری این فریزر24 اورسٹیفنی ٹیلر 20 رنز بناسکیں ۔

انگلینڈ کی جانب سےایلس کیپسی نے 3،لارین فائلر اورلنسی سمتھ نے دو، دو جبکہ لارین بیل،کیٹ کروس اور ایلس ڈیوڈسن رچرڈز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، انگلینڈ کی ایمی جونز کو عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔