لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کو ٹی20 فارمیٹ میں تبدیل کرنے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ون ڈے میچز کی سیریز کو ٹی 20 انٹرنیشنل میں تبدیل کرنے کے حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان مشاورتی عمل جاری ہے، یہ تجویز ٹی 20 ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سامنے آئی ہے۔
زیادہ ٹی 20 میچز کھیلنے کا مقصد قومی ٹیم کی اہم ایونٹس کیلئے تیاری کروانا اور بہتر کمبی نیشن بنانا ہے۔
پاکستانی ٹیم کو جولائی کے آخر میں وائٹ بال سیریز کیلئے امریکا اور ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے، ٹی 20 میچز 31 جولائی، 2 اور 3 اگست کو فلوریڈا میں شیڈول ہیں جبکہ 3 ون ڈے 8، 10 اور 12 اگست کو ٹرینیڈاڈ میں ہوں گے۔
اس سے پہلے پاکستان اور بنگلادیش بورڈز نے 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کو 5 ٹی 20 میچز میں تبدیل کر دیا تھا بعدازاں پاک بھارت کشیدگی کے سبب سیریز کو 3 میچز تک محدود رکھنی پڑی۔
اس سیریز میں پاکستان نے بنگلادیش کو وائٹ واش کیا تھا جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے ہوم گراؤنڈ پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔