پی سی بی کا افغانستان کیساتھ سیریز کو سہ فریقی سیریز میں تبدیل کرنے پر غور

Published On 12 June,2025 11:30 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) افغانستان کے خلاف مجوزہ دوطرفہ ٹی 20 سیریز کو سہ فریقی ٹورنامنٹ میں تبدیل کرنے پر غور کر رہا ہے جس میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو تیسری ٹیم اور میزبان کے طور پر شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اگست میں ہونے والی تین میچز پر مشتمل سیریز کو اب افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ سہ فریقی ٹی 20 سیریز میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ 2025 ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کو بہتر بنایا جا سکے۔

یو اے ای نے حال ہی میں بنگلا دیش کے خلاف 1-2 سے ٹی 20 سیریز جیت کر اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے جس کے بعد وہ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار بن کر ابھرا ہے، یہ سیریز ممکنہ طور پر ایشیا کپ جیسی کنڈیشنز میں کھیلی جائے گی جس کا انعقاد بھی غالباً یو اے ای میں متوقع ہے۔

پی سی بی کی افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے درمیان بات چیت حتمی مراحل میں ہے تاہم اب تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

ادھر پاکستان ٹیم جس نے حال ہی میں لاہور میں بنگلا دیش کو 0-3 سے شکست دی اگلے ماہ ڈھاکہ کا دورہ کرے گی جہاں مختصر فارمیٹ کی سیریز کھیلی جائے گی، علاوہ ازیں اگست میں سلمان علی آغا کی قیادت میں ایک ٹیم امریکا روانہ ہو گی جہاں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔