لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ فائنل رہا، جو لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل انتظامیہ اور اسٹیک ہولڈرز کی میٹنگ ہوئی، جس میں مختلف معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے گورننگ کونسل کی میٹنگ جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا، اس ہفتے ٹیموں کی ویلیو ایشن کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 10سے 50 کروڑ سے زائد مالیت کی گیٹ منی حاصل ہوئی، پشاور زلمی موسٹ واچڈ ٹیم رہی، مجموعی طور پر لاہور قلندرز نے سبقت حاصل کی۔
اجلاس میں بتایا گیاٍ کہ گزشتہ سیزن کے مقابلے میں براڈ کاسٹ ویور شپ کئی گنا زیادہ رہی، پی ایس ایل 10 کی ایوریج ٹی وی ریٹنگ 8 اعشاریہ 5 فیصد رہی، پی ایس ایل 9 کے مقابلے میں لائیو اسٹریمنگ 647 فیصد زیادہ ہوئی، گزشتہ سیزن میں لائیو اسٹریمنگ 455 ملین رہی، پی ایس ایل 10میں 3 اعشاریہ 4 بلین لائیو اسٹریمنگ ویوز آئے۔
اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل 10 کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ فائنل رہا، پی ایس ایل 10میں سب سے زیادہ لاہور قلندرز کی میچ ویور شپ 1 اعشاریہ 4 بلین رہی، شہری علاقوں میں لائیو اسٹریمنگ 53 فیصد اور دیہی علاقوں میں47 فیصد رہی، لائیو اسٹریمنگ میں مردوں کاتناسب 67 فیصد اور خواتین کا تناسب 33 فیصد رہا۔