ڈبلن: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج کھیلا جائے گا۔
میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا، پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم ان دنوں آئرلینڈ کے دورہ پر ہے اور گرین شرٹس اپنے دورہ آئرلینڈ کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹی 20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم آئرلینڈ میں موجود ہے جہاں وہ آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ سے قبل بھرپور تیاریوں میں مصروف رہی۔
سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مختلف مشقیں کیں تاکہ حریف ٹیم کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے شائقین کرکٹ بے چینی سے منتظر ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے، آئرلینڈ ویمنز ٹیم کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں پاکستان ویمنز ٹیم کو فاطمہ ثنا لیڈ کریں گی جبکہ میزبان ویمنز ٹیم گیبی لیوس کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔