نئی دہلی: (دنیا نیوز) معروف کرکٹ براڈکاسٹر اشیش رائے نے کہا ہےکہ یہ سراسرمنافقت ہےکہ آپ میچ کھیلیں لیکن مخالف ٹیم سے مصافحہ نہ کریں۔
معروف بھارتی براڈکاسٹر اشیش رائے نے کہا کہ پاک بھارت میچ کرکٹ کے جذبے کے مطابق نہیں کھیلا گیا، جیسے نسل پرستی کے دورمیں غیر سفیدفارم ٹیمیں ساؤتھ افریقا کے خلاف نہیں کھیلتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرکوئی ٹیم کسی مقابلےمیں شرکت کرتی ہےتوکھیل کی روح کے مطابق برتاؤ کرنا چاہیے، یہ افسوسناک ہےکہ بھارتی کرکٹ حکام نے حکومت کے حکم پرغیر اخلاقی رویہ اپنانےکاکہا۔
کرکٹ براڈکاسٹر کا کہنا تھا کہ یہ سراسرمنافقت ہے آپ میچ کھیلیں لیکن مخالف ٹیم سے مصافحہ نہ کریں، انگلینڈ اور آسٹریلیا کرکٹ بورڈز، ایم سی سی سے درخواست ہےکرکٹ کے میدان میں کشیدگی کوروکیں۔
واضح رہے کہ اتوار کو ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ بھارت 7 وکٹوں سے جیت گیا لیکن بھارتی کپتان سوریا کمار نے ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سے ہاتھ نہ ملایا جب کہ بھارتی ٹیم نے میچ ختم ہونے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے روایت کے مطابق ہاتھ نہ ملاکر اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں اڑا دیں۔