پہلا ون ڈے: جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

Published On 16 September,2025 07:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے پاکستان کی جانب سے ملنے والا 256 رنز کا ہدف 48.2 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، جنوبی افریقا کی جانب سے ماریزان کیپ 121 اور تزمین برٹس 117 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور رامین شمیم نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ویمنز ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے سدر امین 121 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

پاکستان کی جانب سے منیبہ علی نے 76 اور عالیہ ریاض نے 33رنز کی اننگز کھیلی، کپتان فاطمہ ثنا 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں جبکہ شوال ذوالفقار بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹیں۔

جنوبی افریقا ویمن ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے، سیریز کا دوسرا میچ 19 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔