بلائنڈ ویمنز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ گیم چینجر ثابت ہو گا: سید سلطان شاہ

Published On 14 November,2025 09:22 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سلطان شاہ نے کہا کہ بلائنڈ ویمنز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ بلائنڈ خواتین اور کھلاڑیوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔

کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے بلائنڈ ویمنز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کا سری لنکا میں دوسرے مرحلے کا آغاز کل سے ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ نیپال کی بلائنڈ کھلاڑیوں کی درخواست پر ویمنز کرکٹ کا آغاز کیا تھا، اب امریکہ اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں ہزاروں بلائنڈ ویمنز کرکٹرز موجود ہیں۔

صدر بلائنڈ کرکٹ کونسل نے کہا کہ سری لنکا کے مشکور ہیں جنہوں نے اتنے کم وقت میں ورلڈ کپ کے انتظامات مکمل کئے۔

سلطان شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے باوجود سری لنکن ٹیم اپنا دورہ پاکستان مکمل کر رہی ہے، اس پر بھی بورڈ اور حکومت کے مشکور ہیں۔

پریس کانفرنس میں سری لنکن بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سوریش تھارنگا اور کرکٹ ایسوسی ایشن بلائنڈ ان انڈیا کے صدر بوسے گاوڈا بھی شریک ہوئے۔